بنگلورو16 مئی (ایس او نیوز) کرناٹک کے 15ویں اسمبلی کے لئے جو عام انتخابات ہوئے اس میں 59نئے اراکین اسمبلی کا انتخاب ہوا ہے ۔ پہلی مرتبہ یہ اراکین عوام کی خدمت کریں گے ۔ بی جے پی کے 104 امیدواروں میں سے 30نئے اراکین کا انتخاب ہوا ہے ۔ اسی طرح کانگریس سے 16، جے ڈی ایس سے 10 ، بی ایس پی سے ایک اور دیگر سے 2 اراکین اسمبلی پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں ۔ بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کے فرزند کو بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے کے سبب وزیر اعلیٰ سدارامیا کے فرزند ڈاکٹر یتیندرا سدارامیا نے ورونا میں جیت حاصل کی ہے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جے ڈی ایس کا مضبوط قلعہ مانے جانے والے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے آبائی گاؤں ہاسن ضلع میں کئی سالوں کے بعد کنول کھلا ہے ۔ ہاسن سے نوجوان لیڈر پریتم گوڈا نے جیت حاصل کی ہے ۔ رکن پارلیمان کے ایچ منی اپا کی بیٹی روپا ششی دھر نے کامیابی حاصل کی ہے تو دوسری طرف سینئر آئی پی ایس افسر آئی جی پی ہیمنت نمبالکر کی بیوی انجلی نمبالکر نے خانہ پور اور سابق وزیر سرینواس پرساد کے داماد ہرش وردھن ننجن گڈھ حلقہ سے کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ ودھان سودھا میں داخل ہورہے ہیں۔